< السورة السابقة | فهرس السور | السورة التالية >



حدد حجم خط الآيات
()


بِسْمِ ٱللَّهِ ٱلرَّحْمَٰنِ ٱلرَّحِيمِ إِذَا ٱلسَّمَآءُ ٱنشَقَّتْ ۝١

جب (سب) آسمانی کرّے پھٹ جائیں گے،

وَأَذِنَتْ لِرَبِّهَا وَحُقَّتْ ۝٢

اور اپنے رب کا حکمِ (اِنشقاق) بجا لائیں گے اور (یہی تعمیلِ اَمر) اُس کے لائق ہے،

وَإِذَا ٱلْأَرْضُ مُدَّتْ ۝۳

اور جب زمین (ریزہ ریزہ کر کے) پھیلا دی جائے گی،

وَأَلْقَتْ مَا فِيهَا وَتَخَلَّتْ ۝٤

اور جو کچھ اس کے اندر ہے وہ اسے نکال باہر پھینکے گی اور خالی ہو جائے گی،

وَأَذِنَتْ لِرَبِّهَا وَحُقَّتْ ۝٥

اور (وہ بھی) اپنے رب کا حکمِ (اِنشقاق) بجا لائے گی اور (یہی اِطاعت) اُس کے لائق ہے،

يَٰٓأَيُّهَا ٱلْإِنسَٰنُ إِنَّكَ كَادِحٌ إِلَىٰ رَبِّكَ كَدْحًۭا فَمُلَٰقِيهِ ۝٦

اے انسان! تو اپنے رب تک پہنچنے میں سخت مشقتیں برداشت کرتا ہے بالآخر تجھے اسی سے جا ملنا ہے،

فَأَمَّا مَنْ أُوتِىَ كِتَٰبَهُۥ بِيَمِينِهِۦ ۝۷

پس جس شخص کا نامۂ اعمال اس کے داہنے ہاتھ میں دیا جائے گا،

فَسَوْفَ يُحَاسَبُ حِسَابًۭا يَسِيرًۭا ۝۸

تو عنقریب اس سے آسان سا حساب لیا جائے گا،

وَيَنقَلِبُ إِلَىٰٓ أَهْلِهِۦ مَسْرُورًۭا ۝۹

اور وہ اپنے اہلِ خانہ کی طرف مسرور و شاداں پلٹے گا،

وَأَمَّا مَنْ أُوتِىَ كِتَٰبَهُۥ وَرَآءَ ظَهْرِهِۦ ۝١۰

اور البتہ وہ شخص جس کا نامۂ اعمال اس کی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائے گا،

فَسَوْفَ يَدْعُوا۟ ثُبُورًۭا ۝١١

تو وہ عنقریب موت کو پکارے گا،

وَيَصْلَىٰ سَعِيرًا ۝١٢

اور وہ دوزخ کی بھڑکتی ہوئی آگ میں داخل ہوگا،

إِنَّهُۥ كَانَ فِىٓ أَهْلِهِۦ مَسْرُورًا ۝١۳

بیشک وہ (دنیا میں) اپنے اہلِ خانہ میں خوش و خرم رہتا تھا،

إِنَّهُۥ ظَنَّ أَن لَّن يَحُورَ ۝١٤

بیشک اس نے یہ گمان کر لیا تھا کہ وہ حساب کے لئے (اللہ کے پاس) ہرگز لوٹ کر نہ جائے گا،

بَلَىٰٓ إِنَّ رَبَّهُۥ كَانَ بِهِۦ بَصِيرًۭا ۝١٥

کیوں نہیں! بیشک اس کا رب اس کو خوب دیکھنے والا ہے،

فَلَآ أُقْسِمُ بِٱلشَّفَقِ ۝١٦

سو مجھے قَسم ہے شفق (یعنی شام کی سرخی یا اس کے بعد کے اُجالے) کی،

وَٱلَّيْلِ وَمَا وَسَقَ ۝١۷

اور رات کی اور ان چیزوں کی جنہیں وہ (اپنے دامن میں) سمیٹ لیتی ہے،

وَٱلْقَمَرِ إِذَا ٱتَّسَقَ ۝١۸

اور چاند کی جب وہ پورا دکھائی دیتا ہے،

لَتَرْكَبُنَّ طَبَقًا عَن طَبَقٍۢ ۝١۹

تم یقیناً طبق در طبق ضرور سواری کرتے ہوئے جاؤ گے،

فَمَا لَهُمْ لَا يُؤْمِنُونَ ۝٢۰

تو انہیں کیا ہو گیا ہے کہ (قرآنی پیشین گوئی کی صداقت دیکھ کر بھی) ایمان نہیں لاتے،

وَإِذَا قُرِئَ عَلَيْهِمُ ٱلْقُرْءَانُ لَا يَسْجُدُونَ ۩ ۝٢١

اور جب ان پر قرآن پڑھا جاتا ہے تو (اللہ کے حضور) سجدہ ریز نہیں ہوتے،

بَلِ ٱلَّذِينَ كَفَرُوا۟ يُكَذِّبُونَ ۝٢٢

بلکہ کافر لوگ (اسے مزید) جھٹلا رہے ہیں،

وَٱللَّهُ أَعْلَمُ بِمَا يُوعُونَ ۝٢۳

اور اللہ (کفر و عداوت کے اس سامان کو) خوب جانتا ہے جو وہ جمع کر رہے ہیں،

فَبَشِّرْهُم بِعَذَابٍ أَلِيمٍ ۝٢٤

سو آپ انہیں دردناک عذاب کی بشارت دے دیں،

إِلَّا ٱلَّذِينَ ءَامَنُوا۟ وَعَمِلُوا۟ ٱلصَّٰلِحَٰتِ لَهُمْ أَجْرٌ غَيْرُ مَمْنُونٍۭ ۝٢٥

مگر جو لوگ ایمان لائے اور نیک عمل کرتے ہیں ان کے لئے غیر منقطع (دائمی) ثواب ہے،